میگا سیوریج منصوبہ مقررہ مدت تک مکمل کرنیکا حکم

میگا سیوریج منصوبہ مقررہ مدت تک مکمل کرنیکا حکم

تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ،ٹائم لائن کے ساتھ ساتھ کوالٹی کو بھی اولین ترجیح دی جائے ،کمشنر،نئے ڈسپوزل کی فاؤنڈیشن سائٹ،پائپ فیکٹری کا معائنہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سرگودھا شہر کے لیے 14 ارب روپے کے میگا سیوریج منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ انہوں نے جناح کالونی میں قائم پرانے ڈسپوزل کو ختم کر کے تعمیر کیے جانے والے نئے ڈسپوزل کی فاؤنڈیشن سائٹ کا معائنہ کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ابو بکر عمران نے کمشنر کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جناح کالونی میں 25 کیوسک کا نیا ڈسپوزل تعمیر کیا جا رہا ہے جو تقریباً تین لاکھ آبادی کے سیوریج کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، کھدائی کا کام جاری ہے اور یہ منصوبہ 30 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم لائن کے ساتھ ساتھ کوالٹی کو بھی اولین ترجیح دی جائے ،بعد ازاں کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کنٹریکٹر کی جانب سے قائم کی گئی سیوریج پائپ بنانے والی فیکٹری کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ میگا سیوریج منصوبے کے تحت شہر میں چھ لاکھ فٹ سیوریج پائپ ڈالے جائیں گے ، جس کے لیے کنٹریکٹر نے مقامی سطح پر فیکٹری قائم کی ہے تاکہ باہر سے پائپ منگوانے کی ضرورت نہ پڑے ۔ کمشنر نے فیکٹری میں استعمال ہونے والے مٹیریل کا معائنہ کیا اور معیار کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ تمام مٹیریل کوالٹی معیار پر پورا اترنا چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں