ستھرا پنجاب کے سینٹری ورکرز ،دیگر ملازم تنخواہوں سے محروم
3ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ،افسر ہرروز کل ادائیگی کا بول کرٹرخا دیتے ہیں ،ملازم
واں بھچراں (نمائندہ دنیا )واں بھچراں سمیت متعدد یونین کونسل کے صاف ستھرا پنجاب کے سینٹری ورکرز اور چھوٹے ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ملازمین نے تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ واں بھچراں جنوبی، واں بھچراں شمالی مظفر پور، شادیہ یونین کونسل اور گلمیری یونین کونسل سمیت دیگر یونین کونسلز میں وزیر اعلی پنجاب کے پروگرام صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے چھوٹے ملازمین سینٹری ورکرز گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ سخت ترین سردی میں صبح سویرے اپنے گھروں سے نکل کر صفائی کے پوائنٹ مزدوری ڈیوٹی کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔ دن بھر کام کرتے ہیں۔
مگر شام کو بغیر اجرت لیے خاموشی سے واپس چلے جاتے ہیں۔ملازمین نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے ایسا ہو رہا ہے ۔ افسر ہر روز کل کا کہہ کر ٹرخا دیتے ہیں مگر وہ کل گزشتہ تین ماہ سے نہیں آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر چلانے کے لیے ادھار ادھار مانگ مانگ کر تھک گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ سخت ترین سردیوں میں گزر اوقات بہت مشکل ہو رہی ہے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب، ڈپٹی کمشنر میانوالی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔