حلقہ کی عوام سے کئے وعدے تکمیل کی طرف گامزن ،عاصم شیر

 حلقہ کی عوام سے کئے وعدے تکمیل کی طرف گامزن ،عاصم شیر

حلقہ کی عوام سے کئے وعدے تکمیل کی طرف گامزن ،عاصم شیر سڑکوں کی تعمیر کے دوران معیار پر کڑی نظر رکھیں تاکہ دیرپا سڑکیں تعمیر ہوں

شاہ پور صدر(نامہ نگار ) حلقہ کی عوام سے کئے گئے وعدے تکمیل کی طرف گامزن ہیں ، اگلے تین سال کے دوران حلقہ پی ہی 80 کی ہر سڑک کو نئے سرے سے تعمیر کراوں گا، پی پی 80 کے عوام کو آمدورفت کی بہترین سہولیات ملیں گی ، یہ بات پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ کوٹ پہلوان سے بیر بل شریف تک ساڑھے چار کلو میٹرطویل زیر تعمیرسڑک کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ، ان کے ، کوارڈی نیٹر سردار آصف حیات میکن ، ڈویژنل نائب صدر ملک تیمور ٹوانہ قطبی ،پی اے عمرداز صفدرحسین کھوکھر بھی تھے ، سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ حالیہ فیز میں حلقہ کی 8 سڑکوں کے ٹھیکے دیئے گئے ہیں جن میں سے بائیس کروڑروپے کی لاگت سے کوٹ پہلوان تا بیر بل شریف، ہیڈ محمد آباد تا جہان آباد تک سڑکوں کی تعمیر شروع ہو چکی ہے ، اگلے فیزمیں مزید سڑکوں کے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے ۔

 انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران معیار پر کڑی نظر رکھیں تاکہ بہترین ، معیاری اور دیرپا سڑکیں تعمیر ہوں ۔ سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں ، بیواوں کی مدد کیلئے بے شمارسکیمیں جاری کی ہیں جن سے لاکھوں ضرورت مند مستفیض ہو رہے ہیں ۔

 

دو کالم۔۔۔۔۔

عاقل شاہ کے قریب نہر لوئر جہلم کینال کا پل خستہ ہو گیا 

دونوں اطراف کے پردے ٹوٹ چکے ریت سے بھر کر گٹو رکھ دیئے 

شاہ پور صدر(نامہ نگار ) سرگودہا خوشاب روڈ پر عاقل شاہ کے قریب نہر لوئر جہلم کینال کا پل خستہ ہو گیا جبکہ پل کے دونوں اطراف میں نہر کے کنارے کٹاؤ کا شکارہے ، یہ پل پچاس سال قبل تعمیر کیا گیا تھا جس کے بعد سے متعدد مرتبہ اس کی چھوٹی موٹی مرمت کی گئی ، اب اس کے دونوں اطراف کے پردے ٹوٹ چکے ہیں ، ہائی وے ملازمین نے پردے پختہ بنانے کے بجائے ریت سے بھر کر گٹو رکھ دیئے ہیں پل کے کنارے نہ ہونے سے گزرنے والی ٹریفک غیرمحفوظ ہو چکی ہے ، مصروف ترین بین الاضلاعی روڈ پر واقع ہونے اس پل پر سے ہر قسم کی ہیوی اور ممنوع ٹریفک بلا روک ٹوک گزر رہی ہے خستہ حالی کے باعث یہ پل کسی بھی وقت گر سکتا ہے ۔ جبکہ نہر کے دونوں اطراف کنارے بھی ٹوٹ چکے ہیں ، حالیہ موسم سرما میں نہر کی بھل صفائی نہیں کی گئی نہ ہی نہر کے کناروں پر مٹی کی بھرائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے اپریل میں نہرمیں پانی آ گیا تو کنارے ٹوٹ جانے سے پانی قریبی علاقوں تک پھیل سکتا ہے ۔ ہائی وے حکام اور محکمہ انہار کی غفلت سے کسی بڑے نقصان کا اندیشہ ہے

سنگل کالم۔

تحصیلدار کا بنگلہ جو کبھی بہترین طرز تعمیر کا نمونہ تھا اب کھنڈر بن چکا 

شاہ پور صدر(نامہ نگار ) سابقہ ضلع شاہ پور کے انگریز دور کی آخری نشانی تحصیلدار کا بنگلہ جو کبھی بہترین طرز تعمیر کا نمونہ تھا اب کھنڈر بن چکا ہے ، تحصیلدار کے اس بنگلہ کے ساتھ کئی کنال پر پرفضا باغ لگایا گیا تھا جو اب بھی موجود ہے ۔ شہر کے مرکز میں واقع یہ عمارت مناسب دیکھ بھال اور مرمت نہ ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ تحصیلدار کے بنگلے کے گردونواح میں ڈپٹی کمشنر آفس اور دیگر سرکاری عمارات تھیں جو گذشتہ ادوار میں نیلا م کر دی گئیں ، اب یہ واحد قدیم نشانی باقی رہ گئی ہے ، شاہ پور کی سماجی و ادبی تنظیموں راجہ فرخ قیوم ، اعجاز اعوان ، پروفیسر ابرار قریشی و دیگر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس سرگودہا کی طرح شاہ پور کے تحصیلدار کے بنگلہ کی از سر نو مرمت کی منظوری دی جائے اور اس کے ارد گرد رقبہ پر باغ کو بحال کیا جائے تا کہ شہریوں کو تفریح کیلئے بہتر مواقع میسر آ سکیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں