عوام تحمل اور پُرامن رویہ اختیار کریں: منیب سلطان
عوام تحمل اور پُرامن رویہ اختیار کریں: منیب سلطان ایران پر حملہ قابلِ مذمت ،پاکستان نے سفارتی و اخلاقی سطح پر حمایت کی
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)سابق صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے ایران پر حالیہ حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ قابلِ مذمت ہے اور پاکستان نے سفارتی و اخلاقی سطح پر ایران کی حمایت کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے امن اور استحکام کے حق میں اپنا مؤقف پیش کیا۔منیب سلطان چیمہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں اور عوام کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملک کے اندر احتجاج شدت اختیار کرے یا قانون کو ہاتھ میں لیا جائے تو اس سے دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ عوام اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور ہر صورت پُرامن احتجاج کو یقینی بنائیں، جبکہ سرکاری و نجی املاک کو نقصان سے بھی بچایا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور استحکام ہی اس نازک وقت میں پاکستان کی اصل طاقت ہے اور انہی کے ذریعے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔