انتظامیہ عید پر عوام کو تاجروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غائب
انتظامیہ عید پر عوام کو تاجروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غائب چاندرات سے لے کر عید کے دوسرے دن تک کوئی ڈیوٹی مجسٹریٹ دکھائی نہیں دیا
شاہ پور صدر (نامہ نگار ) حکومت پنجاب کی واضح ہدایات کے باوجود شاہ پور انتظامیہ عید الفطر کے موقع پر عوام کو تاجروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر غائب ہو گئی ، اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عید الفطر کے موقع پر ہنگامی حالات میں ڈیوٹی دینے کیلئے کسی مجسٹریٹ کی ڈیوٹی نہیں لگا سکیں جس کی وجہ سے شاہ پور اور گردونواح میں چاندرات سے لے کر عید کے دوسرے دن تک کوئی ڈیوٹی مجسٹریٹ یا پیرا فورس کے اہلکار کہیں دکھائی نہیں دیئے ، موثرنگرانی نہ ہونے کی وجہ سے شاہپورصدر،جھاویاں ،شاہپورسٹی اور گردنواح میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا،منافع خوروں نے بے پناہ مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور خوب عید منائی ، ،بکرے کا گوشت 2ہزار کے بجائے 2400روپے کلو بڑا گوشت ہزار روپے کے بجائے 1400سے 1600 روپے کلو فروخت کیا گیا بازار میں خریدوفروخت کیلئے آئے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ تحصیل شاہپور کی انتظامیہ کے دعوے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، مجسٹریٹ ، پیرا فورس عید کے دنوں میں غائب رہے کوئی عملی طور کوئی نگرانی نظر نہیں آئی ،دکاندار کھلے عام اضافی قیمتیں وصول کرتے رہے اور کسی قسم کا خوف یا چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں تھا ،شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور علاقہ مجسٹریٹ جان بوجھ کر غیر فعال رہے اور تاجروں کو من مانی کرنے کا موقع دیا ، چاندرات کو شاہ پور صدر ، شہر میں خواتین کا ہجوم تھا اس موقع پر پولیس یا انتظامیہ نے بازاروں میں کوئی گشت نہیں کیا اور خواتین کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے لوفر نوجوانوں کے گروہ خواتین کو ہراساں کرتے رہے ، شاہ پور کے سماجی و ادبی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہ پور انتظامیہ کی غفلت وڈیوٹی سے غیر حاضری کا نوٹس لیا جائے ۔