سرگودھا میں ارتھ آور منایا گیا، توانائی کے تحفظ کا عزم
سرگودھا میں ارتھ آور منایا گیا، توانائی کے تحفظ کا عزمسرکاری عمارتوں اور دفاتر کی لائٹس رات ایک گھنٹے کے لیے بند رکھی گئیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے زیر اہتمام ارتھ آور بھرپور انداز میں منایا گیا۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد چوہدری کی سربراہی میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل افسران اور دیگر ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر کی لائٹس ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات ایک گھنٹے کے لیے بند رکھی گئیں۔شہریوں نے بھی وزیراعلیٰ کی اپیل پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ارتھ آور میں بھرپور حصہ لیا۔ تاجروں اور شہریوں نے اپنی دکانوں، مارکیٹوں اور گھروں کی غیر ضروری لائٹس بند کر کے توانائی کے تحفظ کا عملی مظاہرہ کیا۔سرگودھا شہر میں سٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں شمعیں روشن کی گئیں اور ارتھ آور کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
اسی طرح ضلع کی تمام تحصیلوں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تقاریب منعقد ہوئیں، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی توانائی کے ضیاع سے بچنے اور ماحول کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ ارتھ آور منانے کا مقصد عوام میں توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی لا کر نہ صرف وسائل بچائے جا سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہر شہری روزمرہ زندگی میں چھوٹے اقدامات اپنائے تو توانائی کی بچت میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوام اسی جذبے کے ساتھ ایسے اقدامات میں حصہ لیں گے ۔