استخارہ ایک مسنون عمل ، افسوس جعلی عاملوں نے کمائی کا ذریعہ بنا لیا: پیر عبدالخالق حسنات
کندیاں (نمائندہ دنیا)معروف عالمِ دین پیر عبدالخالق حسنات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ استخارہ ایک مسنون عمل ہے ، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض جعلی عاملوں نے اسے بھی اپنی دکان چمکانے کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ استخارے کے ذریعے مستقبل کی خبریں دے سکتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ استخارے کے نام پر ایسی باتیں پھیلا رہے ہیں جن کا شریعت اور سنت سے کوئی تعلق نہیں۔پیر عبدالخالق حسنات نے واضح کیا کہ اسلام میں استخارے کا مقصد مستقبل کی پیشگوئی کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ سے خیر اور بہتری طلب کرنا ہے ۔انہوں نے عوام الناس کو تاکید کی کہ وہ ایسے جعلی عاملوں سے بچیں اور دینی معاملات میں مستند علماء کرام سے رجوع کریں تاکہ گمراہی سے محفوظ رہ سکیں۔