ڈیکوپیج ماسٹر کلاس، طالبات کو تخلیقی ہنر کی عملی تربیت
ڈیکوپیج ماسٹر کلاس، طالبات کو تخلیقی ہنر کی عملی تربیت سادہ اشیاء کو خوبصورت تخلیقی نمونوں میں ڈھالنے کا طریقہ سکھایا گیا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین بھاگٹانوالہ میں ڈیکوپیج کے فن پر خصوصی ماسٹر کلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات کو پرانی اشیاء اور فرنیچر کو جدید اور دلکش انداز میں تبدیل کرنے کی عملی تربیت دی گئی۔معروف ڈیکوپیج ماہرہ تہمینہ ممتاز ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طالبات کو اس فن کی باریکیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عملی مظاہروں کے ذریعے سادہ اشیاء کو خوبصورت تخلیقی نمونوں میں ڈھالنے کا طریقہ سکھایا، جس میں طالبات نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے دوران طالبات نے اپنے ہاتھوں سے مختلف اشیا پر ڈیکوپیج کا کام کیا اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کالج انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں طالبات میں خود انحصاری اور ہنر مندی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ورکشاپ ہنر پر مبنی تعلیم کے فروغ کی ایک اہم کڑی ہے ، جس کا مقصد طالبات کو عملی زندگی کے لیے تیار کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ہے ۔