علووالی چشمہ روڈ کی تکمیل کیلئے رکاوٹیں ختم نہ ہو سکیں
علووالی چشمہ روڈ کی تکمیل کیلئے رکاوٹیں ختم نہ ہو سکیں کبھی پل کی تعمیر میں مسائل، اب بجلی کے پولز کی منتقلی نے تاخیر کا شکار کر دیا
کندیاں(نمائندہ دنیا)تحصیل پپلاں کا بڑا میگا پراجیکٹ، علووالی چشمہ روڈ، 12دسمبر 2022 کو سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان کے ہاتھوں شروع کیا گیا اس منصوبے کی لاگت تقریباً سوا ارب روپے ہے اور اس کی تکمیل کا نہ صرف پپلاں بلکہ ضلع بھکر اور میانوالی کے عوام کو بھی شدت سے انتظار ہے حکومت کی تبدیلی کے بعد اس منصوبے کو مختلف مسائل کا سامنا رہا بعد ازاں مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ نے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تاہم اس کے باوجود کام میں رکاوٹیں ختم نہ ہو سکیں۔
کبھی فنڈز کی کمی، کبھی پل کی تعمیر میں تکنیکی مسائل، اور اب بجلی کے پولز کی منتقلی نے اس منصوبے کو مزید تاخیر کا شکار کر دیا ہے متعلقہ کمپنی کی جانب سے محکمہ واپڈا فیسکو اور ضلع کونسل میانوالی کو بجلی کی لائنوں اور سیوریج کی منتقلی کے لیے لاکھوں روپے ادا کیے جا چکے ہیں مگر ابھی تک نہ سیوریج لائن کی منتقلی پر کام شروع ہوا اور نہ ہی بجلی کے پولز تبدیل کیے جا سکے ۔اب یہ منصوبہ مختلف محکموں کی سست روی کا شکار ہے ، اور عوام یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر اس تاخیر کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔