برف خانوں اور مشروب ساز چھوٹی بڑی فیکٹریوں کے نمونہ جات حاصل کرنے کاحکم
کارخانوں کو سیل کرنے کے علاوہ مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کی ہدایت ، سو سے زائد یونین کونسلز کا پانی پہلے ہی انتہائی مضر صحت قرار دیا جا چکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت نے موسم کی تیزی تبدیلی کے ساتھ ہی ممکنہ وبائی امراض کے پیش نظر برف خانوں اور مشروب ساز چھوٹی بڑی فیکٹریوں سے پانی کے نمونہ جات حاصل کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے ، ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں تمام برف خانوں اور مشروبات تیار کرنیوالے چھوٹے بڑے کارخانوں سے پانی کے نمونہ جات حاصل کئے جائیں گے ،جن کی رپورٹ پر کارخانوں کو سیل کرنے کے علاوہ مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع بھر کی سو سے زائد یونین کونسلز کا پینے کا پانی پہلے ہی انتہائی مضر صحت قرار دیا جا چکا ہے جبکہ برف اور مشروبات کی تیاری میں فیکٹریاں اسی پانی پر ہی انحصار کرتی ہیں،جسکے باعث مذکورہ پانی سے تیار شدہ اشیاء سے بیماریوں کی شرح میں اضافہ کا اندیشہ ہے جس کے پیش نظر حکومت نے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔