سرگودھا میں دودھ کے نرخوں میں اچانک اضافہ، غریب متاثر
سرگودھا میں دودھ کے نرخوں میں اچانک اضافہ، غریب متاثر گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ قیمتیں بڑھا دی گئیں ، انتظامیہ خاموش
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )گرمی کی شدت اور دیگر اضلاع میں سپلائی و ڈیمانڈ بڑھنے کے باعث سرگودھا میں دودھ کے نرخوں میں اچانک فی کلو 20 روپے تک اضافہ ہو گیا ہے ، جس کے نتیجے میں دودھ بھی غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہونے لگا ہے ۔گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع کو دودھ کی سپلائی بڑھنے سے سرگودھا میں دودھ کے نرخ راتوں رات بڑھا دیے گئے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی خامو شی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ڈیری مالکان کا کہنا ہے کہ دودھ کی طلب تو برقرار ہے تاہم سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ ان کے مطابق بڑے ڈیری فارمز دیگر اضلاع میں بہتر نرخوں پر سپلائی کر رہے ہیں، جس کے باعث مقامی سطح پر دودھ کی دستیابی کم ہو گئی ہے ۔اس صورتحال میں ڈیری مالکان نے ازخود نرخ بڑھا دیے ہیں۔ اس وقت خالص دودھ 200 روپے فی کلو تک جبکہ عام دودھ 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔صارفین نے صورتحال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے ، سپلائی و ڈیمانڈ میں توازن قائم کرنے اور نرخوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔