دو مرتبہ نہر بندی کا شیڈول کرپشن اور چھوٹے کاشتکاروں کے استحصال کا ذریعہ
نہر مقررہ شیڈول کی بجائے پٹواری اور محکمہ انہار کے ملازمین کی مرضی سے چلتی ،جس کی وجہ سے پیداوار پر منفی اثر پڑتا ،اپنی شکایات کے ازالہ میں انہیں سخت مشکلات کا سامنا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) محکمہ انہار کی جانب سے سال میں دو مرتبہ نہربندی کا جاری شدہ شیڈول ادارے میں مزید کرپشن اور چھوٹے کاشتکاروں کے استحصال کا ذریعہ جبکہ وارہ بندی کے اس عمل میں پٹواریوں اور محکمہ انہار کے ملازمین کی مداخلت و من مانیاں غریب کاشتکاروں کیلئے وبال جان بن کر رہ گئی ہیں،کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ مقررہ شیڈول کی بجائے پٹواری اور محکمہ انہار کے ملازمین کی مرضی چلتی ہے ، جس کی وجہ سے نہ صرف پیدوار پر منفی اثر پڑتا ہے بلکہ اپنی شکایات کے ازالہ میں انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
مختلف طریقوں سے بلیک میل بھی کیا جاتا ہے ،سرکاری وسائل بڑے زمینداروں کے ہاتھوں بے دریغ استعمال ہو رہے ہیں جس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا،قبل ازیں سابق کمشنر کی جانب سے محکمہ انہار کے افسران سے جواب طلبی اور معاملات کی تحقیقات کا حکم بھی جاری ہو چکا ہے مگر اثر ور سوخ رکھنے والے افسران کی مداخلت پر معاملات مکمل طور پر ٹھپ پڑے ہیں، اور بہتری کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی ہے ، کاشتکاروں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔