پٹواریوں کی مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال ‘احتجاجی کیمپ
پٹواریوں کی مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال ‘احتجاجی کیمپ سروس سٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور ان کے سکیل میں اضافہ کیا جائے ، مقررین
کلورکوٹ ‘میانی(نامہ نگار ان) پنجاب بھر کی طرح تحصیل کلورکوٹ میں بھی پٹواریوں نے اپنے مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال کی اور احتجاجی کیمپ قائم کیا۔ یہ احتجاج صدر انجمن پٹواریان پنجاب اور ضلعی صدر کی ہدایات پر کیا گیا، جس میں تحصیل بھر کے پٹواریوں اور قانونگویان نے شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ کے دوران مقررین نے کہا کہ پٹواریوں اور قانونگویان کا سب سے بڑا مطالبہ سال 2015کی اس سمری پر مکمل عملدرآمد ہے جس کے تحت ان کے عہدوں کی اپ گریڈیشن منظور کی گئی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹواریوں کے سروس اسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور انکے سکیل میں اضافہ کیا جائے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران پٹواریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس لیے انہیں مناسب ٹی اے ، ڈی اے اور دیگر الاؤنسز فراہم کیے جائیں۔ اس موقع پر اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل میں پٹوار عملے کی شمولیت اور ریکارڈ کی منتقلی کے واضح اور مؤثر طریقہ کار کا مطالبہ بھی کیا گیا۔پٹواریوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے ۔