’’معرکہ حق سرگودھا سکواش لیگ‘‘کامیابی سے اختتام پذیر
’’معرکہ حق سرگودھا سکواش لیگ‘‘کامیابی سے اختتام پذیر لیگ میں مینز، گرلز اور بگنرز کی 25 مردوخواتین کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور سرگودھا ڈویژن سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ’’معرکہ حق سرگودھا سکواش لیگ‘‘ شاندارمقابلوں کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ لیگ میں مینز، گرلز اور بگنرز کی مختلف کیٹیگریز کے 25 مردوخواتین کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز جمخانہ کلب اور ڈویژنل سکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے جہاں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔مینز سینئر کیٹیگری میں وسیم جعفرنے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ شاہ زیب رنراپ رہے ۔مینزجونیئرکیٹیگری میں محمد انس آصف فاتح قرار پائے جبکہ محمد احتشام دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔
گرلز کیٹیگری کے فائنل میں عائشہ ممتاز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عنیبا کو شکست دے کر چیمپئن بننے کااعزازحاصل کیا۔ بگنرز کیٹیگری میں علی گوہر نے کامیابی سمیٹی جبکہ محمد عبداﷲ شیخ رنر اپ رہے ۔تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ایشین بزنس کونسل و فیڈرل پریذیڈنٹ نیشنل پیس کمیٹی محمد خالد شیخ تھے ۔انہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور اور چیئرمین کمپری ہینسو گروپ وارث ندیم وڑائچ کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔