کریک ڈاؤن، نہروں اور دریاؤں میں نہانیوالے 16 افراد گرفتار
کریک ڈاؤن، نہروں اور دریاؤں میں نہانیوالے 16 افراد گرفتاروالدین بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ، انہیں خطرناک مقامات پر جانے سے روکیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، نہروں اور دریاؤں میں نہانے والے 16 افراد گرفتار، مقدمات درج کر لئے گئے ،بتایا جاتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہروں اور دریاؤں میں ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے نافذ کردہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سرگودھا پولیس نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 16 افراد کو موقع سے گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ نہروں، دریاؤں، ندی اور نالوں وغیرہ میں نہانے اور تفریح کے نام پر جان خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن عمل میں لایا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے نوجوان اور بچے نہروں کا رخ کرتے ہیں جو اکثر اوقات جان لیوا ثابت ہوتا ہے ۔ والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں ایسے خطرناک مقامات پر جانے سے روکیں تاکہ کسی بھی بڑے سانحے یا جانی نقصان سے بچا جا سکے ۔