گداگری کی بڑھتی ہوئی لعنت پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا
گداگری کی بڑھتی ہوئی لعنت پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکاسول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا نہیں کر سکے
بھیرہ(نامہ نگار)شہر میں گداگری کی بڑھتی ہوئی لعنت پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ گداگری کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر واضح ہدایات جاری ہونے کے باوجود متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا نہیں کر سکے جس کے باعث پیشہ ور گداگروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے شہر کے مختلف بازاروں، چوکوں، مساجد اور عوامی مقامات پر گداگر مختلف روپ دھار کر ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے بھیک مانگتے نظر آتے ہیں، جبکہ خانہ بدوش خواتین اور بچوں کی ٹولیاں صبح سے شام تک بازاروں، دکانوں اور گھروں کے باہر لوگوں سے امداد طلب کرتی رہتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد پیشہ ور گداگر مسافروں اور خریداروں کو بار بار تنگ کرتے ہیں جس سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگری معاشرے کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے جس کے تدارک کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور گداگروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لا کر عوام کو اس بڑھتے ہوئے مسئلے سے نجات دلائی جائے ۔