ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میانوالی میں آگاہی سیمینار اور وا ک کا انعقاد
ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میانوالی میں آگاہی سیمینار اور وا ک کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے نئی نسلوں کو تمباکو نوشی سے محفوظ بنایا جائے ، ڈاکٹر احسان الحق
میانوالی (نامہ نگار)ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ میانوالی کے زیر اہتمام ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میانوالی میں آگاہی سیمینار اور وا ک کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریونٹیو سروسز ڈاکٹر احسان الحق نے کہا کہ تمباکو نوشی انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور یہ مختلف خطرناک بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی سے نہ صرف استعمال کرنے والا فرد متاثر ہوتا ہے بلکہ اس کے اردگرد موجود افراد کی صحت بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے ، اس لیے اس عادت سے اجتناب وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں کاشف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے محفوظ بنایا جائے ۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں جا کر عوام میں آگاہی پیدا کریں تاکہ تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مؤثر انداز میں سدباب کیا جا سکے ۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی مہم کو مزید فعال بنایا جائے گا اور معاشرے کو اس نقصان دہ عادت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔