انتظامیہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث مافیا کو نکیل ڈالنے میں ناکام
انتظامیہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث مافیا کو نکیل ڈالنے میں ناکام ، ان اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ کے ذریعے کروڑوں روپے ناجائز منافع کما یا جا رہا ہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مجوزہ بجٹ 2026-27کی آمد سے قبل سرگودھا میں چینی ،چاول ، گھی و دالوں ،کاسمیٹکس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی وسیع پیمانے پر ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کا سلسلہ جاری جبکہ انتظامیہ ملوث مافیا کو نکیل ڈالنے میں ناکام نظر آ رہی ہے اورقیمتوں میں اضافہ سے ان اشیاء کی قیمتو ں بالخصوص دالیں بھی صارفین کی پہنچ سے دور ہو کر رہ گئی ہیں ، ان اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ کے ذریعے کروڑوں روپے ناجائز منافع کما یا جا رہا ہے ، مختلف علاقوں میں اشیاء کے ریٹس بھی مختلف ہیں، سرکاری نرخ نامے صرف دوکانوں کی زینت بن کر رہ گئے ہیں جن پر عملدرآمد کہیں بھی نظر نہیں آ رہا، بالخصوص حکومتی بجٹ کی آمد سے قبل مختلف اشیاء کی ذخیرہ اندوزی عروج پر ہے جبکہ انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ،مافیا میں شامل افراد کو سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہے اور ان کے ہاتھ اتنے لمبے ہیں کہ کوئی بھی آفیسر ان کے سامنے نہیں ٹک سکتا دوسری جانب انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس ضمن میں گاہے بگاہے کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ، کسی سے کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔