13کلوگرام زائد المیعاد اور غیر معیاری اشیائے خورونوش تلف
پان شاپ پر چھاپہ مار کر 1470 گٹکے کے ساشے برآمد کرکے تلف کر دیئے
بھکر(ڈسٹرکٹ رپور)بوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن \'\'صحت مند پنجاب\'\' اور ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی بھکر نے اپنی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں 289 ہوٹلز، کریانہ اسٹورز، فوڈ پوائنٹس، گوشت و دودھ کی دکانوں، بیکریز اور مٹھائی کے کارخانوں کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 176 کاروباری مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ 13 کلوگرام زائد المیعاد اور غیر معیاری اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں۔ خصوصی کارروائی کے دوران ایک پان شاپ پر چھاپہ مار کر 1470 گٹکے کے ساشے برآمد کرکے تلف کر دیے گئے جبکہ دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔
دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں بھی کی گئیں جہاں ناقص اور غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا، جرمانے عائد کیے گئے اور مزید تجزیے کے لیے دودھ کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 73 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔