محرم میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے ، اتحاد بین المسلمین کانفرنس
’’اپنا مسلک چھوڑو نہ، کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ ‘‘ کے سنہری اصول پر عمل کیا جائے متحد قوم ہی اپنے دشمنوں کو مؤثر جواب دے سکتی ،مولانا مختار ندیم ودیگر کا خطاب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے سلسلے میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد نے سرگودھا کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت صوبائی خطیب پنجاب و چیئرمین اتحاد بین المسلمین کمیٹی محکمہ اوقاف مولانا مختار احمد ندیم نے کی۔ ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی، آر پی او شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ڈپٹی کمشنرز خوشاب، میانوالی اور بھکر، متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز و پولیس افسران نے شرکت کی۔کانفرنس میں ڈویژن بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی رہنماؤں اور امن کمیٹیوں کے اراکین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ رسول اکرمﷺ کی ذات اقدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مرکز ہے اور تمام مسلمان قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اتفاق و اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا سیدنا امام حسین ؑ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہیں۔ ان کی عظیم قربانی نے اسلام کی حقیقی اقدار کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘اپنا مسلک چھوڑو نہ، کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ’’ کے سنہری اصول پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں برداشت، رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے علماء کرام اور انتظامیہ پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے ۔ مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے لیے وضع کردہ ضابطہ کار پر مکمل عملدرآمد سے امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، لہٰذا اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ یا نفرت آمیز مواد کی تشہیر سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ عوام میں اتحاد، رواداری، قانون کی پاسداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر محبت، بھائی چارے ، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ دلوں کی دوریاں اور قدورتیں اتحاد و اخوت کے ذریعے ختم کی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، استحکام، ترقی، اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔