جال لگا کر مچھلی کے شکار پر پابندی ، چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل

 جال لگا کر مچھلی کے شکار پر پابندی ، چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل

جون،جولائی اور اگست کے دوران مچھلی کا بریڈنگ سیزن اور افزائش نسل ہوتی ، فارم مالکان کیلئے بھی این او سی ضروری قرار پابندی کا اطلاق 31اگست تک جاری رہے گا، تمام ٹھیکیداران، آڑھتیان اور مچھلی فروشوں کو انتباہ جاری کردیا گیا

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) صوبائی حکومت کی طرف سے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں جال لگا کر مچھلی کے شکار اور فروخت کرنے پر مکمل طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ، ذرائع کے مطابق جون،جولائی اور اگست کے دوران مچھلی کا بریڈنگ سیزن اور افزائش نسل ہوتی ہے ، جس پر حکومت کی جانب سے دریاؤں،نہروں پر جال لگا کر مچھلی پکڑنے ، فروخت کرنے اور قبضہ میں رکھنے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ،جبکہ فارم مالکان کیلئے بھی فارمی مچھلی کی فروخت کیلئے محکمہ کا این او سی ضروری قرار دیدیا گیا ہے پابندی کا اطلاق فوری طور پر شروع ہو کر 31اگست تک جاری رہے گا۔

اس ضمن میں تمام ٹھیکیداران، آڑھتیان اور مچھلی فروشوں کو سرکلر کے ذریعے انتباہ جاری کردیا گیا ہے محکمہ فشریز ذرائع کا کہنا ہے کہ مونا ڈرین، شاہ پور تا سلطان پور بنگلا ، سلکی اسکیپ ایریا،اسی طرح دریائے جہلم، نیو بھیرہ ایکسٹینشن ڈرین ،مچھلی مارکیٹ بھیرہ ، مچھلی مارکیٹ سرگودھا میں اور دریائے چناب، طالب والا کے علاقوں میں 4الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے کر فیلڈ ٹیموں کو خصوصی اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں پابندی کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کروایئے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں