محرم الحرام بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے فیسکو کے انتظامات
سرگودھا ڈویژن کی تمام 32 سب ڈویژنز میں خصوصی کنٹرول رومز قائم
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایس ای) فیسکو سرگودھا سرکل ابرار احمد خان نے بتایا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ہنگامی مرمت اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے سرگودھا ڈویژن کی تمام 32 سب ڈویژنز میں خصوصی کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈیوٹی روسٹرز بھی نافذ کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں مختلف ایکسیئنز، ایس ڈی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ابرار احمد خان نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 300 سے زائد افسران و ملازمین خدمات انجام دیں گے ، جبکہ سرکل اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹرانسفارمرز، اسٹیل راڈز، تاریں، ہنگامی ٹرالیاں اور دیگر ضروری آلات و سامان وافر مقدار میں دستیاب رکھے گئے ہیں تاکہ بجلی کی فوری بحالی ممکن بنائی جا سکے ۔ایس ای فیسکو نے بتایا کہ ضلع سرگودھا کے لیے ایکسیئن ہارون احمد گجر کو ڈسٹرکٹ فوکل پرسن جبکہ مدثر خان کو سرکل فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔ہنگامی حالات کے لیے 100 سے زائد افسران و ملازمین کی خصوصی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں صارفین فیسکو ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ متعلقہ ایس ڈی اوز کے نمبرز بھی بجلی کے بلوں پر درج ہیں۔ فیسکو محرم الحرام کے دوران عوام کو بلاتعطل اور محفوظ بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔