واسا سیوریج پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
کمشنر نے مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی سرگرمیوںاور کام کی رفتار کا جائزہ لیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے شہر میں واسا کے زیرِ تکمیل میگا سیوریج پراجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔کمشنر نے مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، نکاسی آب کے منصوبوں اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے بالخصوص محرم الحرام کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ راستوں کو فوری طور پر کلیئر کیا جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوامی سہولت اور امن و امان کے تقاضوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے ۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل، صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔انہوں نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔