ہسپتالوں میں سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی قلت ، مریضوں کو مشکلات کا سامنا
بعض اوقات سرنج جیسا بنیادی طبی سامان بھی دستیاب نہیں ہوتا،شہریوں کی شکایات ،لواحقین کو بازار سے مہنگے داموں ادویات خریدنا پڑتی ہیں ،مطلوبہ ویکسین اور طبی سامان کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے :مطالبہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ہسپتالوں میں سانپ اور آوارہ کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔متاثرہ شہریوں کے مطابق ہسپتالوں میں نہ صرف ضروری ویکسین بلکہ بعض اوقات سرنج جیسا بنیادی طبی سامان بھی دستیاب نہیں ہوتا، جس کے باعث مریضوں کے لواحقین کو بازار سے مہنگے داموں ادویات خریدنا پڑتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے سانپ یا کتے کے کاٹنے جیسے ہنگامی حالات میں فوری علاج اور ویکسین انتہائی ضروری ہوتی ہے ، تاہم سرکاری ہسپتالوں میں سہولت نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ نجی میڈیکل سٹورز سے مہنگی ادویات خریدنا غریب اور متوسط طبقے کے لیے مزید بوجھ بن گیا ہے ۔متاثرہ افراد نے الزام عائد کیا ہے جان بچانے والی بنیادی ادویات اور ویکسین کی عدم دستیابی صحت کے نظام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مطلوبہ ویکسین اور طبی سامان کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ محدود مالی وسائل اور فنڈز کی کمی کے باعث بعض ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاہم بعض اوقات ادویات باہر سے منگوانی پڑتی ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی مستقل دستیابی یقینی بنائی جائے ۔