ڈپٹی کمشنرز ریونیو اہداف کو بروقت تکمیل یقینی بنائیں،کمشنر
ڈپٹی کمشنرز ریونیو اہداف کو بروقت تکمیل یقینی بنائیں،کمشنر پلس پروگرام، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ، ریکوری اور دیگرامور پر خصوصی توجہ دیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اب صرف ریونیو کے کام پر توجہ دیں اور دیے گئے اہداف کو بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ وہ اپنے دفتر میں پلس پروگرام اور نیلامی کیلئے قیمتی جائیدادوں کی نشاندہی پر پیش رفت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سرگودھا اشفاق الرحمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔کمشنر نے کہا کہ پلس پروگرام کا کام تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دیے گئے اہداف بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ کمشنر نے کہا کہ تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آئندہ سے بورڈ آف ریونیو، پلس پروگرام، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ، ریکوری اور دیگر متعلقہ امور پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ اہداف کی عدم تکمیل پر انہی سے پوچھا جائے گا۔ اس موقع پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پلس پروگرام کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا کے 48 میں سے 40، بھکر کے 35 میں سے 33، خوشاب کے 25 میں سے 23 اور میانوالی کے تمام 28 منتخب مواضعات کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے۔