بھاگٹانوالہ میں منشیات فروشی کا مکروہ دھندہ مبینہ طور پر عروج پر
منشیات کی کھلے عام فروخت کے باعث نوجوان نسل نشے کی لعنت میں مبتلا ہو رہی
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود میں منشیات فروشی کا مکروہ دھندہ مبینہ طور پر عروج پر پہنچ گیا، جس کے باعث نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔ شہریوں کے مطابق پھیرو موڑ، 23 الف، چک 23 جنوبی، مدینہ کالونی، چک 81 جنوبی71 جنوبی، شالیمار سمارٹ سٹی سمیت علاقہ بھر میں مبینہ طور پر منشیات فروشوں کا راج ہے ، جہاں منشیات کی کھلے عام فروخت کے باعث نوجوان نسل نشے کی لعنت میں مبتلا ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں نے مختلف علاقوں میں اپنے مبینہ اڈے قائم کر رکھے ہیں، جہاں نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء باآسانی دستیاب ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار سے جرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے شدید پریشان ہیں۔شہریوں نے ڈی پی او سرگودھا اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔منشیات کے مبینہ اڈوں کا خاتمہ اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ نئی نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments