جوہڑ نما تالابوں کے گرد بنائی گئی باؤنڈری وال ٹوٹ پھوٹ گئی
جوہڑ نما تالابوں کے گرد بنائی گئی باؤنڈری وال ٹوٹ پھوٹ گئی لوہے کی چادروں سے بنائی گئی باؤنڈری وال کے نقوش تک مٹ گئے
سلانوالی(نمائندہ دنیا )ضلع کونسل سرگودھا کے کرپٹ افسران کی کرپشن کی کہانی سامنے آ گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر کروڑوں روپے کی لاگت سے جوہڑ نما تالابوں کے گرد بنائی گئی باؤنڈری وال ٹوٹ پھوٹ گئی اور لوہے کی چادروں سے بنائی گئی باؤنڈری وال کے نقوش تک مٹ گئے قومی خزانہ سے دیے گئے کروڑوں روپے ضلع کونسل کے کرپٹ افسران ڈکار گئے ۔گزشتہ سال لاہور بھاٹی گیٹ انڈر گراؤنڈ سیورج لائن میں ماں بیٹی کے مین ہول میں گر کر ہلاکت کے واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح سلانوالی کے دیہی علاقوں میں بھی ضلع کونسل سرگودھا کے موجودہ چیف آفیسر چوہدری محمد اسد ہریا و دیگر افسران کی نگرانی میں جوہڑ نما تالابوں کے گرد باؤنڈری وال بنائی گئی تھی جن کی تعمیر میں انتہائی ناقص مٹیریل استعمال کر کے قومی خزانہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا گزشتہ روز سینیئر صحافیوں کو نواحی چک نمبر 168/171 شمالی المعروف منگلا چک کے رہائشی سماجی شخصیات نے بتایا کہ مذکورہ گاؤں میں جوہڑ نما تالاب کے ارد گرد لوہے کی چادروں سے جو باؤنڈری وال بنائی گئی تھی وہ سب گر گئی ہے اور باؤنڈری وال کے نقوش مٹنے لگے ہیں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر ضلع کونسل کے کرپٹ افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں ۔اور جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے باؤنڈری وال کی از سر نو تعمیر کے سلسلہ میں فوری اقدامات کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments