معصوم بچوں کی اموات پر پوری قوم غمزدہ ،غوث محمد نیازی
معصوم بچوں کی اموات پر پوری قوم غمزدہ ،غوث محمد نیازی غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا سب کی ذمہ داری
خوشاب(نمائندہ دنیا) پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع خوشاب کے صدر غوث محمد نیازی نے پمز کے المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کی اموات پر پوری قوم غمزدہ ہے ۔ پوری قوم جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہے ، اس المناک واقعے نے ہر حساس دل کو افسردہ کر دیا ہے ۔ مسلم لیگ(ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات سیاست نہیں بلکہ قومی یکجہتی، ہمدردی اور انسانیت کا تقاضا کرتے ہیں، غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ اس المناک سانحہ کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کیا جائے اس المناک سانحہ پر قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے بتایا کہ اس المناک واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جا رہی ہیں اور ہماری حکومت معاملے کو انتہائی احتیاط سے آگے بڑھا رہی ہے انشاء اﷲ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تمام حقائق ایوان اور عوام کے سامنے رکھے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments