ڈپٹی کمشنر کا مثالی گاؤں پروگرام میں سست روی پر برہمی کا اظہار
ڈپٹی کمشنر کا مثالی گاؤں پروگرام میں سست روی پر برہمی کا اظہار غفلت کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں کمپنی آرگنائزر کے خلاف کارروائی ہو گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے والی کمپنی اور متعلقہ ٹھیکیدار کو کام کی رفتار بہتر بنانے اور مقررہ مدت میں منصوبے مکمل کرنے کے لیے 20 یوم کی ڈیڈ لائن دے دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ کرنے اور غفلت کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں ٹھیکیدار اور کمپنی کے آرگنائزر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہیں جیل بھیجنے کے ساتھ ساتھ بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، چیف آفیسر ضلع کونسل اسد ہریا، مانیٹرنگ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی کاموں، ان کے معیار، رفتار اور تکمیل کی مدت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت سرگودھا میں 2 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت سے 18 دیہات میں مختلف ترقیاتی و میونسپل منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ ان منصوبوں میں تحصیل سرگودھا کے 7، شاہ پور کے 4، ساہیوال کے 2، بھلوال کے 2، سلانوالی کے 2 جبکہ تحصیل بھیرہ کے ایک گاؤں کو شامل کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، اس لیے ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments