ترقیاتی فنڈ سہولیات کی بہتری پر خرچ کرنے کے اقدامات شروع
ترقیاتی فنڈ سہولیات کی بہتری پر خرچ کرنے کے اقدامات شروع گزشتہ مالی سال میں بھی ڈویلپمنٹ فنڈ کا بڑا حصہ سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام پر خرچ کیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ کونسل سرگودھا کے رواں مالی سال کے 60 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈ کو شہری علاقوں کی خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر خرچ کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں، ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بھی ڈویلپمنٹ فنڈ کا بڑا حصہ سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام پر خرچ کیا گیا جس میں ماڈل ریڑھیوں، سیوریج و صفائی کی مشینری اور صفائی کے لیے گاڑیوں کی خریداری سمیت دیگر منصوبے شامل تھے ، رواں مالی سال بھی انتظامیہ نے ترقیاتی فنڈ دیہی علاقوں کے بجائے شہری علاقوں میں خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید دو بازاروں کو سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے ، شہری حلقوں نے شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم دیہی علاقوں کے منتخب نمائندوں اور مکینوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کونسل کا ترقیاتی فنڈ پورے ضلع کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختص ہوتا ہے ، اسے صرف شہری علاقوں تک محدود کرنے سے دیہات میں سڑکوں، گلیوں، سیوریج اور نکاسی آب کے دیرینہ مسائل مزید سنگین ہوجائیں گے ، ان کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اپنی جگہ اہم ہے تاہم ضلع کی مجموعی ترقی کے لیے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان متوازن بنیادوں پر فنڈز تقسیم کیے جانے چاہئیں، بصورت دیگر دیہی آبادی کو نظر انداز کرنے سے ڈسٹرکٹ کونسل کے قیام اور اس کے ترقیاتی کردار کا بنیادی مقصد ہی متاثر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments