ہسپتال میں فائر سیفٹی انتظامات کے جامع آڈٹ کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم

ہسپتال میں فائر سیفٹی انتظامات کے جامع آڈٹ کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم

بجلی کی کھلی یا لٹکتی تاروں کی فوری درستگی، ناقص وائرنگ کی تبدیلی اور الیکٹریشن کے ذریعے تمام برقی نظام کی مکمل جانچ یقینی بنائی جائے ،مرکزی آکسیجن سسٹم، آکسیجن پائپ لائنز کی مکمل جانچ کی جائے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھاسمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کے جامع آڈٹ کے لیے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ شعبوں کو فائر الارم، ایمرجنسی ایگزٹ، بجلی کی وائرنگ اور آکسیجن سسٹم کی مکمل جانچ پڑتال کا ٹاسک دیدیاگیا،ذرائع کے مطابق کمشنر حافظ شوکت علی نے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات، ایمرجنسی راستوں، فائر فائٹنگ آلات، ہائیڈرنٹس، بجلی کی وائرنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مجموعی صورتحا ل غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے فائر سیفٹی انتظامات کے جامع آڈٹ کے لیے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو ہسپتالوں کا مکمل سروے کرکے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا عملی جائزہ لیں گئیں۔

انہوں نے ہنگامی ہدایات جاری کیں کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آلات، فائر الارم، ایمرجنسی ایگزٹ، ایگزٹ بورڈز، فائر ایگزٹ کی نشاندہی، ایرو سائنز، بجلی کی وائرنگ، الیکٹرک پینلز اور دیگر برقی تنصیبات کو چیک کیا جائے ۔ بجلی کی کھلی یا لٹکتی ہوئی تاروں کی فوری درستگی، ناقص وائرنگ کی تبدیلی اور الیکٹریشن کے ذریعے تمام برقی نظام کی مکمل جانچ یقینی بنائی جائے ، ہسپتالوں میں مرکزی آکسیجن سسٹم، آکسیجن پائپ لائنز اور متعلقہ تنصیبات کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں اور عملے کو خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کے لیے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی مشقیں (فائر ڈرلز) باقاعدگی سے کرانے اور عملے کو ایمرجنسی ایس او پیز سے مکمل طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...