نہر شاہپور برانچ کا پشتہ ٹوٹنے سے عاقل شاہ میں پانی داخل
نہر میں عرصہ دراز سے مناسب بھل صفائی نہیں کی گئی، کسانوں کی گفتگو
شاہپور صدر (نامہ نگار)نہر شاہپور برانچ عاقل شاہ کے مقام پر پشتہ ٹوٹنے کے باعث نہری پانی آبادی میں داخل ہوگیا، جس سے شہریوں اور کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق نہر کے دونوں اطراف پشتے کئی مقامات پر انتہائی کمزور ہوچکے ہیں اور آئے روز مختلف مقامات پر پشتہ ٹوٹنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جس کے باعث نہری پانی آبادیوں میں داخل ہو جاتا ہے ,کسانوں کا کہنا ہے کہ نہر میں عرصہ دراز سے مناسب بھل صفائی نہیں کی گئی، جبکہ ہر سال بھل صفائی کے نام پر سرکاری خزانے سے بھاری اخراجات کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب نہری نظام کی دیکھ بھال پر مامور بیلداروں کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ، جبکہ متعلقہ افسران پر اپنے فرائض سے غفلت برتنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔علاقہ مکینوں اور کسانوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نہر شاہپور برانچ کے پشتوں کی فوری مرمت، مکمل بھل صفائی اور نہری نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، جبکہ مبینہ غفلت کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments