میانوالی میں 26ستمبر سے یکم اکتوبر تک بریسٹ فیڈنگ ویک
بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی سیشنز، سیمینارز اور واکس کا انعقاد کیا جا رہا
میانوالی (نامہ نگار)سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی زیر نگرانی صوبہ بھر کی طرح ضلع میانوالی میں بھی 26 ستمبر سے ایک اکتوبر تک بریسٹ فیڈنگ ویک بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں ضلع کے مختلف مقامات پر ماں کے دودھ کی اہمیت، نومولود بچوں کی بہتر نشوونما اور ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی سیشنز، سیمینارز اور واکس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔اسی سلسلہ میں میانوالی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ میانوالی ڈاکٹر میاں کاشف علی اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرمان اللہ خان کی زیر نگرانی ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماں کے دودھ کی اہمیت اور بریسٹ فیڈنگ کے فروغ کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے ۔اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے CEO Health ڈاکٹر میاں کاشف علی نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود بچے کے لیے قدرت کی طرف سے ایک مکمل اور بہترین غذا ہے ، جو بچے کی جسمانی و ذہنی نشوونما، قوتِ مدافعت اور مجموعی صحت میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد جلد از جلد ماں کا دودھ شروع کروانا اور ابتدائی چھ ماہ تک بچے کو صرف ماں کا دودھ پلانا انتہائی ضروری ہے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر IRMNCH ڈاکٹر فرمان اللہ خان نے کہا کہ بریسٹ فیڈنگ ویک منانے کا بنیادی مقصد عوام بالخصوص ماؤں میں ماں کے دودھ کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور بریسٹ فیڈنگ کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا خاتمہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments