نصف صدی بعد تعمیر ہونیوالی شاہپور روڈ ٹوٹنے کا خطرہ
نہر کا پشتہ ٹوٹ جانے کے باعث پانی سڑک کی جانب بہنے لگا
شاہپور صدر (نامہ نگار)نصف صدی بعد تعمیر ہونے والی جھاوریاں تا شاہپور روڈ کو ٹوٹنے کا خطرہ، محکمہ انہار غفلت کا شکار ،رحمن آباد، ڈورے والا کالونی شاہپور کے قریب جھاوریاں تا شاہپور روڈ کے ساتھ نہر کا پشتہ ٹوٹ جانے کے باعث پانی سڑک کی جانب بہنے لگا ہے ، جس سے نصف صدی بعد تعمیر ہونے والی اہم سڑک کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ شہریوں نے محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق نہر کا پشتہ ٹوٹنے کے بعد پانی مسلسل سڑک کی جانب بڑھ رہا ہے اور اگر بروقت پشتہ مضبوط نہ کیا گیا تو سڑک کا بڑا حصہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوسکتا ہے ۔ شہریوں نے کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا، محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور پشتہ ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار کے افسران، بیلدار اور دیگر عملہ نہروں اور پشتوں کی باقاعدہ نگرانی کے ذمہ دار ہیں، تاہم مبینہ طور پر عملی طور پر نگرانی کا مؤثر نظام دکھائی نہیں دیتا۔ ان کے مطابق شاہپور جھاوریاں روڈ پر مختلف مقامات پر نہر کے پشتے ٹوٹنے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ کبھی پنجاب گرائمر سکول کے قریب، کبھی باقرہ پنڈ، کبھی عاقل شاہ اور کبھی جلالپور جاگیر سائیڈ پر نہر کا پشتہ ٹوٹنے یا مبینہ طور پر توڑے جانے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جس سے نہ صرف سڑکوں بلکہ قریبی آبادیوں اور زرعی زمینوں کو بھی نقصان کا خطرہ رہتا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ انہار کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کی کارکردگی اور غفلت کا فوری جائزہ لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور نہر کے تمام پشتوں کا سروے کرکے کمزور مقامات کو ہنگامی بنیادوں پر مضبوط بنایا جائے تاکہ نئی تعمیر ہونے والی شاہپور تا جھاوریاں سڑک کو تباہ ہونے سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments