صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر
بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے باقاعدگی سے میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احمد مغیث نے کہا ہے کہ قیدیوں کو انسانی بنیادوں پر صحت کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ جیل ہسپتال میں ضروری ادویات، طبی آلات اور دیگر سہولیات وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے باقاعدگی سے میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جائے اور ماہر ڈاکٹرز کے وزٹس بھی یقینی بنائے جائیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے جیل ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ احمد مغیث نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ قیدیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حتی الامکان مریض قیدیوں کو علاج کے لیے جیل سے باہر منتقل کرنے کے بجائے جیل ہسپتال میں ہی ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور صرف ناگزیر صورت میں انہیں دیگر ہسپتالوں میں ریفر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جائے جبکہ ذہنی و نفسیاتی مسائل کا شکار قیدیوں کے لیے ماہر نفسیات کی خدمات بھی یقینی بنائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments