کمرمشانی واپڈا سرکل میں 150سے زائد سیٹیں خالی
فیلڈ میں کام کرنے والے لائن مین نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں
کمرمشانی (نمائندہ دنیا ) کمرمشانی واپڈا سرکل میں ایک سو پچاس سے زائد سیٹیں منظور ہونے کے باوجود ساٹھ فیصد سے زائد آسامیاں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں جبکہ فیلڈ میں کام کرنے والے لائن مین نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔ عملے کی شدید کمی اور بوسیدہ بجلی لائنوں کے باعث معمولی ہوا، بارش یا فنی خرابی پر بھی متعدد علاقوں کی بجلی چوبیس چوبیس گھنٹے سے زائد بند رہنا معمول بن گیا ہے جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ذرائع کے مطابق کمرمشانی سرکل میں اﷲ خیل فیڈر سمیت دس سے زائد فیڈرز شامل ہیں جن کے ذریعے پہاڑی اور وسیع میدانی علاقوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے ، مگر بیشتر فیڈرز کی لائنیں خستہ حالی کا شکار ہیں۔ آئے روز تاریں ٹوٹنے ، پول گرنے اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جبکہ محدود عملہ ہونے کے باعث فالٹس کے بروقت ازالے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایم سی کمرمشانی اور گردونواح کے کئی علاقے معمولی ہوا چلنے پر بھی بجلی سے محروم ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات چوبیس گھنٹے سے زائد بجلی بند رہتی ہے جس سے گھروں میں پانی کی قلت، کاروبار کی بندش اور شدید گرمی میں عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments