کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں عروج پر
صوبائی سطح پر ایک کروڑ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے میگا سپورٹس ایونٹ ‘‘کھیلتا پنجاب، بڑھتا پنجاب’’ کے انتظامات، رجسٹریشن اور کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ،ذرائع کے مطابق صوبائی سطح پر ایک کروڑ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ ضلع سرگودھا کے لیے تقریباً تین سے ساڑھے تین لاکھ نوجوانوں کی رجسٹریشن کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ایونٹ کے تحت مڈل اسکول، سیکنڈری اسکول، کالجز، یونیورسٹیز اور خصوصی تعلیم کے اداروں سمیت مختلف تعلیمی سطحوں پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
مڈل اسکول کی سطح پر ایتھلیٹکس اور کرکٹ سمیت دو کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ، جبکہ سیکنڈری اسکول کی سطح پر ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کرکٹ، کبڈی، رسہ کشی اور فٹبال سمیت چھ کھیل شامل ہیں۔ کالجز کی سطح پر 14 کھیلوں، جن میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، شطرنج، کرکٹ، فٹبال، کراٹے ، ہاکی، کبڈی، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، رسہ کشی، والی بال اور ریسلنگ شامل ہیں، کے مقابلے ہوں گے ۔ یونیورسٹی کی سطح پر 21 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے ، جن میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، شطرنج، کرکٹ، سائیکلنگ، ای اسپورٹس، فٹبال، فینسنگ، ہاکی، ہینڈ بال، کبڈی، کراٹے ، پیڈل ٹینس، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، رسہ کشی، والی بال، ریسلنگ، اسکواش اور لیزر رن شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments