معدنیات کی نقل و حمل پر ایکسائز ڈیوٹی کی بولی متنازعہ

معدنیات کی نقل و حمل پر ایکسائز ڈیوٹی کی بولی متنازعہ

گاڑیوں کے لیے ایکسائز ڈیوٹی کے نرخ مقرر کئے گئے ، ٹرانسپورٹرزکی جانب سے لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد نہ ہونے پر موجودہ نرخوں پر نظرِثانی کی ضرورت پر زور دیا گیامائنز لیبر ویلفیٔر ڈیپارٹمنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو معاملے پر غور کی سفارش کی ،مقررہ نرخوں میں تبدیلی یا کنٹریکٹر کی درخواست پر حتمی فیصلے کے بارے میں کچھ درج نہیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع سرگودھا میں معدنیات کی نقل و حمل پر ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب پانچ کروڑ دس لاکھ روپے سے زائد کی بولی اور وصولی کا معاملہ متنازعہ صورتحال اختیار کر گیا ہے ،اورپتھر مارکیٹ کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث گاڑیوں کی مختلف اقسام کے لیے مقررہ ایکسائز ڈیوٹی کے نرخوں پر نظرِثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس پر محکمہ مائنز لیبر ویلفیٔر کمشنر سرگودھا ریجن نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے ضروری ہدایات اور فیصلے کی استدعا بھجوا دی ہے ،ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ کے معاملے پر ہڑتال کے بعد ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے مختلف اقسام کی گاڑیوں کے لیے ایکسائز ڈیوٹی کے نرخ مقرر کیے۔

پتھر مارکیٹ کی ٹرانسپورٹ یونین ، محکمہ مائنز کے مقامی افسران اور ٹھیکیدار کی مبینہ ساز با ز کے باعث مذکورہ شیڈول کے مطابق ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیاں ناممکن قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیاگیا کہ ٹرانسپورٹرزکی جانب سے لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد نہ کیے جانے کے باعث موجودہ نرخوں پر نظرِثانی کی ضرورت ہے ۔ جس پر گزشتہ روز مائنز لیبر ویلفیٔر ڈیپارٹمنٹ نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کو معاملے پر غور کرکے ضروری ہدایات جاری کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ کنٹریکٹر کے ذریعے سرکاری محاصل کی وصولی مؤثر انداز میں یقینی بنائی جا سکے ۔ تاہم مقررہ نرخوں میں تبدیلی یا کنٹریکٹر کی درخواست پر حتمی فیصلے کے بارے میں کوئی فیصلہ درج نہیں اور اس صورتحال میں حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...