غیر معیاری گیس سلنڈروں کی فروخت ،شہریوں کی زند گیوں کو خطرہ

غیر معیاری گیس سلنڈروں کی فروخت ،شہریوں کی زند گیوں کو خطرہ

غیر معیاری گیس سلنڈروں کی فروخت ،شہریوں کی زند گیوں کو خطرہدکانداروں کی جانب سے غیر معیاری سلنڈروں کے منہ مانگے دام وصول کیے جا رہے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سردی کی آمد اور گیس سلنڈروں کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی شہر کے مختلف بازاروں میں غیر معیاری اور ناقص دھات سے تیار کردہ گیس سلنڈروں کی فروخت کا دھندہ زور پکڑ گیا ہے ، جبکہ مؤثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں ایسے سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں جو کسی بھی وقت جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ دکانداروں کی جانب سے غیر معیاری سلنڈروں کے منہ مانگے دام وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ خریداروں کو موقع پر سلنڈر کی جانچ کرکے دینے کے بجائے اس کی جانچ کے لیے الگ سے رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے ۔ اس طرح شہری اضافی مالی بوجھ برداشت کرنے کے باوجود سلنڈروں کے معیار اور محفوظ ہونے کے حوالے سے مطمئن نہیں ہو پاتے ۔تشویشناک امر یہ ہے کہ چند روز قبل اندرون شہر گیس ری فلنگ کے دوران ناقص سلنڈر پھٹنے کا واقعہ بھی پیش آ چکا ہے ، جس نے غیر معیاری سلنڈروں اور غیر محفوظ ری فلنگ کے خطرات کو مزید نمایاں کر دیا ہے ۔

گیس سلنڈر میں معمولی نقص، ناقص دھات یا غیر محفوظ طریقے سے ری فلنگ کے نتیجے میں ہونے والا دھماکا گھروں، دکانوں اور گنجان آباد علاقوں میں بڑے جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتا ہے ۔ اس کے باوجود شہر کے مختلف بازاروں میں غیر معیاری سلنڈروں کی فروخت اور شہریوں سے اضافی رقم وصول کرنے کی شکایات برقرار ہیں، جبکہ متعلقہ محکموں کی جانب سے مؤثر نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے شہریوں کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری گیس سلنڈروں کی فروخت کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ، سلنڈروں کے معیار کی جانچ اور قیمتوں کی نگرانی یقینی بنائی جائے اور غیر محفوظ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...