افرادی قوت کی کمی سے عوامی مشکلات میں اضافہ
افرادی قوت کی کمی سے عوامی مشکلات میں اضافہ ریونیو، صحت، تعلیم اور میونسپل سمیت اہم شعبوں میں لوگ چکر لگانے پر مجبور
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چند سال قبل تحصیل کا درجہ ملنے کے باوجود بھیرہ میں انتظامی شعبوں کی مطلوبہ سطح پر اپ گریڈیشن نہ ہونے سے شہری بدستور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ریونیو، صحت، تعلیم اور میونسپل سروسز سمیت اہم شعبوں میں انتظامی کمزوریوں اور افرادی قوت کی کمی نے عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ بالخصوص ریونیو آفس میں افسران اور عملے کی مطلوبہ تعداد میں عدم تعیناتی کے باعث رجسٹریشن، جائیدادوں کی خرید و فروخت اور سرکاری واجبات کی وصولی جیسے معاملات سست روی کا شکار ہیں، جس کے نتیجے میں سائلین کو معمولی کاموں کے لیے بھی بار بار دفاتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔ دوسری جانب شعبہ صحت میں بھی تحصیل کی آبادی اور ضروریات کے مطابق سہولیات، عملے اور انتظامی استعداد کی فراہمی نہ ہونے سے شہریوں کو علاج معالجے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ تعلیم کے شعبے میں بھی اداروں کی ضروریات، تدریسی عملے اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے مسائل حل طلب ہیں۔ اسی طرح میونسپل سروسز کا نظام بھی شہری ضروریات کے مطابق فعال نہ ہونے کے باعث صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بھیرہ کو تحصیل کا درجہ دینے سے عوام کو مقامی سطح پر بہتر انتظامی سہولیات کی امید پیدا ہوئی تھی، لیکن عملی طور پر مختلف محکموں کا ڈھانچہ تحصیل کی سطح کے مطابق مضبوط نہیں بنایا جا سکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments