مہنگائی کا جن بوتل میں بند کرنے کے حکومتی دعوے ناکام

 مہنگائی کا جن بوتل میں بند کرنے کے حکومتی دعوے ناکام

سرکاری ریٹ لسٹیں تو جاری کی جاتی ہیں مگر نرخوں کی پابندی بڑا چیلنج

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مہنگائی کے بے قابو جن کو بوتل میں بند کرنے کے حکومتی دعوے عملی طور پر ناکام دکھائی دینے لگے ہیں جبکہ سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں منافع خور مافیا کی مبینہ من مانیوں نے انتظامیہ کی کارکردگی تاحال سوالیہ نشان ہے ،روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں مقرر کرنے اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سرکاری سطح پر ریٹ لسٹیں تو جاری کی جاتی ہیں مگر بازاروں میں ان نرخوں کی پابندی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے ، صورتحال کا ایک تشویشناک پہلو یہ بھی ہے کہ اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخ مقرر کرنے کا عمل اور قیمتوں کے تعین کا مجموعی نظام انہی کاروباری حلقوں کے اثرورسوخ کے زیر اثر ہے جن کی دلچسپی صرف اپنے منافع کا تحفظ ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ جب قیمتوں کے تعین میں پیداواری لاگت، منڈی کے حالات اور کاروباری طبقے کے مؤقف کو بنیاد بنایا جاتا ہے تو عام صارف کی قوت خرید، اس کی آمدنی اور معاشی مشکلات کو بھی یکساں اہمیت ملنی چاہیے ، بصورت دیگر ریٹ لسٹیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے محض کاغذی کارروائی بن کر رہ جاتی ہیں، حیران کن صورتحال یہ ہے کہ بعض اوقات سرکاری ریٹ لسٹ میں سبزیوں اور پھلوں کے نرخ بازار میں دستیاب اشیاء کی اصل فروخت قیمت سے بھی زیادہ درج ہوتے ہیں، جس سے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار، منڈیوں سے حاصل ہونے والے نرخوں اور سرکاری نگرانی کی شفافیت داؤ پر لگی ہوئی ہے ،دوسری جانب اگر دکاندار سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کریں تو ان کے خلاف کارروائی کی ذمہ داری پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...