اپنی چھت اپنا گھر:قرض کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کروانے والے شہری پریشان

اپنی  چھت  اپنا  گھر:قرض  کیلئے  آن  لائن  درخواستیں  جمع  کروانے  والے  شہری  پریشان

درخواست گزاروں کو بتایا جا رہا ادارے نے تاحال فیصلہ نہیں کیا اس مد میں قرضے فراہم کیے جائیں گے یا نہیں، حتمی فیصلہ دسمبر میں کلوزنگ کے بعد کیا جائے گا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کے ‘‘اپنی چھت اپنا گھر’’ پروگرام کے تحت اضافی منزل کی تعمیر اور مکان کی مرمت کے لیے رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (RCDP) کے ذریعے قرض حاصل کرنے کی غرض سے آن لائن درخواستیں جمع کروانے والے شہری شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں، ذرائع کے مطابق سرگودھا میں آر سی ڈی پی حکام کی جانب سے درخواست گزاروں کو بتایا جا رہا ہے کہ ادارے نے تاحال فیصلہ نہیں کیا کہ اس مد میں قرضے فراہم کیے جائیں گے یا نہیں، جبکہ حتمی فیصلہ دسمبر میں کلوزنگ کے بعد کیا جائے گا، جس کے باعث ہزاروں درخواستیں غیر یقینی صورتحال سے دوچار اور زیر التوا ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ادارے نے قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ ہی نہیں کیا تھا تو آن لائن درخواستوں میں آر سی ڈی پی کے ذریعے قرض حاصل کرنے کا آپشن کیوں فراہم کیا گیا؟ درخواست گزاروں کے مطابق اس صورتحال سے محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کے متعلقہ محکموں، آن لائن درخواستیں وصول کرنے والے نظام اور قرض فراہم کرنے والے ادارے کے درمیان مناسب کوآرڈی نیشن نہیں کی گئی، جس کا خمیازہ عام شہری بھگت رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی نے خستہ حال چھت کی مرمت کرانی ہے ، کسی نے بڑھتے ہوئے خاندان کی ضروریات کے پیش نظر اضافی منزل تعمیر کرنی ہے ، مگر قرض کی امید پر درخواستیں جمع کروانے کے باوجود انہیں کوئی واضح جواب نہیں مل رہا۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر ہاؤسنگ، محکمہ ہاؤسنگ، پھاٹا اور ضلعی انتظامیہ سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر آر سی ڈی پی حکام سے وضاحت طلب کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...