پاکستانی فلم انڈسٹری استحکام پانے میں کامیاب

پاکستانی فلم انڈسٹری استحکام پانے میں کامیاب

طیفا ان ٹربل ،جوانی پھر نہیں آنی 2،پرواز ہے جنون اور لوڈویڈنگ نے کروڑوں کا بزنس کرکے فلم ٹریڈ کیلئے نئی راہیں کھول دیں

2013 سے رواںبرس کے دوران ریلیز ہونیوالی 18 پاکستانی فلموں نے اب تک 760 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا کراچی ( رپورٹ : مرزا افتخاربیگ)کئی برس سے بحران میں مبتلا پاکستانی فلم انڈسٹری اب ٹی وی فنکاروں و ہدایتکاروں کی خصوصی توجہ کی بنا پر استحکام پانے میں کامیاب ہوگئی ۔ سوشل میڈیا پر لالی ووڈ کی جاری کردہ سالانہ باکس آفس رپورٹ کے مطابق 2013 سے رواں برس کے دوران اب تک ریلیز ہونیوالی صرف 18 پاکستانی فلموں نے اب تک 760 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے ۔ ملکی فلموں کے بڑھتے ہوئے بزنس میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس میں سب سے بڑا اہم کردار جدید سینما گھروں کا ہے جس میں اب ملک گیر سطح پر اضافہ ہو رہا ہے ۔ پاکستانی فلموں کے سالانہ بزنس پر نظر ڈالی جائے تو 2013 کے دوران شان اور عائشہ خان کی فلم وار نے 23 کروڑ کا ریکارڈ ساز بزنس کرکے انڈسٹری میں جان ڈال دی ،اس برس میں ہوں شاہد آفریدی و دیگر فلموں نے مجموعی طورپر سالانہ 60 کروڑ روپے کا بزنس کیا ، 2014 میں نامعلوم افراد ، آپریشن 021 و دیگر فلموں کا سالانہ مجموعی بزنس 45 کروڑ رہا ،2015 میں زیادہ فلمیں نمائش پذیر ہوئیں جن میں ماہرہ خان ، ہمایوں سعید کی فلم بن روئے 13کروڑ 55 لاکھ، ژالے سرحدی کی فلم جلیبی 10 کروڑ 50 لاکھ ، پہلی کارٹون اینی میٹڈ فیچر فلم تین بہادر 6 کروڑ 65 لاکھ، رانگ نمبر 6 کروڑ 75 لاکھ جبکہ دیگر کا سالانہ مجموعی بزنس 110 کروڑ ہوا جو ایک نیا بزنس ریکارڈ تھا ۔2016 کے دوران ریلیز شدہ فلموں کے بزنس میں مزید اضافہ ہوا جو 177 کروڑ سے زائد ہوگیا اس برس مہوش حیات ، فہد مصطفی کی فلم ایکٹر ان لا نے 24 کروڑ ، آرمینہ رانا خان اور بلال اشرف کی فلم جانان نے 17 کروڑ 50 لاکھ، ماہرہ خان اور شہر یار منور کی فلم ہومن جہاں نے 16 کروڑ 25 لاکھ ، صنم سعید اور محب مرزا کی فلم بچانا نے 10 کروڑ ، صبا قمر اور یاسرحسین کی فلم لاہور سے آگے نے 9 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ۔ 2017 میں فلموں کا سالانہ بزنس کم ہوکر 160 کروڑ رہ گیا ۔اس برس کی سب سے کامیاب ترین فلم پنجاب نہیں جائوں گی تھی جس میں ہمایوں سعید ، مہوش حیات ، عروا حسین و دیگر میگا سٹارز تھے اس نے 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ فہد مصطفی ، ہانیہ عامر ، عروا حسین کی فلم نامعلوم افراد 2 ، ثنا جاوید اور دانش تیمور کی فلم مہرالنسا وی لب یو و دیگر فلمیں بھی اسی برس ریلیز ہوئیں جن کا بزنس ملک اور بیرون ممالک میں بھی بہتر رہا۔رواں برس کے دوران اب تک ریلیز شدہ فلموں نے 208 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے ایک اور سنگ میل حاصل کرلیا ان فلموں میں علی ظفر و مایاعلی کی فلم طیفا ان ٹربل نے 40 کروڑ سے زائد ، ہمایوں سعید کی فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 نے 50 کروڑ سے زائد ، حمزہ علی عباسی ، ہانیہ عامر اور کبریٰ خان کی فلم پرواز ہے جنون نے 35 کروڑ سے زائد اور فہد مصطفی اور مہوش حیات کی فلم لوڈویڈنگ نے 1 1 کروڑ سے زائد بز نس کرکے ملکی فلم ٹریڈ کیلئے نئی راہیں کھول دی ہیں ۔مذکورہ فلمیں اب بھی سینما گھروں میں زیر نمائش ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں