مقابلے میں ہلاک ٹارگٹ کلرز کالعدم سپاہ محمد کےکارکن نکلے

مقابلے میں ہلاک ٹارگٹ کلرز کالعدم سپاہ محمد کےکارکن نکلے

باقر علی اورمحمد علی مدرسے کے طلبہ سمیت دیگر کی ٹارگٹ کلنگ میں پولیس کو مطلوب تھے ایک لاش کی شناخت جیل میں قید سپاہ محمد کے کارکن فرحت عباس کی مدد سے کی گئی ہے، ذرائع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے ٹارگٹ کلر زکی شناخت کرلی گئی ،ملزم کالعدم سپاہ محمد کے کارکن تھے ، ملزم ائمہ کرام اور مدرسے کے طلبہ سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے ۔ ناظم آباد تھانے کے ایس ایچ او اعجاز لودھی کے مطابق پیر کو ناظم آباد نمبر6پر پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے دوسرے ٹارگٹ کلر کی شناخت باقر علی ولد اختر علی کے نام سے کرلی گئی ہے ،ہلاک ہونے والا ملزم ملیر جعفر طیار سوسائٹی کا رہائشی تھا جبکہ باقر کے ساتھی جسکی شناخت محمد علی عرف ثمر عالم کے نام سے ہوئی تھی دونوں کالعدم سپاہ محمد کے کارکن تھے، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کے ساتھی فرحت عباس ودیگر کو پولیس نے کورنگی کے علاقے سے گزشتہ سال گرفتار کرلیا تھا ، ملزم فرحت عباس آجکل جیل میں ہے ،اس ضمن میں پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم محمد علی عرف ثمر عالم کی لاش کی شناخت بھی پولیس نے جیل میں قید کالعدم سپاہ محمد کے کارکن فرحت عباس کی مدد سے کی ہے ،آخری اطلاعات تک دونوں لاشیں ایدھی فاؤنڈیشن کے سردخانے میں موجود تھیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں