یہ کون ہے ؟۔۔۔ سانحہ لاہور کا نیا پراسرار کردار سامنے آ گیا
سادہ لباس نوجوان نے پولیس کے سامنے دل کھول کر جلاؤ، گھیراؤ، پتھراؤ کیا کہیں ہجوم کی آڑ میں حکومت کیخلاف سازش تو نہیں ہوئی:سوالات اٹھنے لگے
لاہور (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں گلو بٹ نے جو تباہی مچائی وہ تو سب نے دیکھی لیکن دنیا نیوز ایسا ہی ایک اور کریکٹر بھی سامنے لایا ہے جس نے پولیس کے سامنے دل کھول کر جلاؤ ،گھیراؤ اور پتھراؤ کیا۔ یہ گمنام کردار کون ہے ؟ یہ ابھی ایک معمہ ہے لیکن کئی سوال ضرور سامنے آئے ہیں اور بنیادی سوال یہ ہے کہ کہیں ہجوم کی آڑ میں حکومت کے خلاف کوئی سازش تو نہیں ہوئی۔دنیا نیوز کی فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کے درمیان سادہ لباس میں موجود یہ نوجوان مخالفین پر پتھراؤ کر رہا ہے اور اس کے دونوں ہاتھوں میں پستول بھی ہے ۔ یہ نوجوان رات کو پولیس کے سامنے آگے بڑھ کر لوگوں پر پتھراؤ کرتا ہے جس کے بعد پولیس پارٹی بھی تیزی سے پیش قدمی کرکے لوگوں پر جھپٹ پڑتی ہے ۔ ایک اور جگہ یہ شخص پستول کے ساتھ نظر آتا ہے ۔کبھی سامنے آتا ہے اور کبھی اچانک کیمرے کی آنکھ سے اوجھل ہو جاتا ہے ۔ کبھی مزے سے ٹیلی فون پر گفتگو میں مصروف ہو جاتا ہے ۔ یہی نوجوان جب میدان مار کر آتا ہے تو دوسرے اس کو گلے لگاتے ہیں اور یہ گالیاں بھی دیتا ہے ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ایک کردار گلو بٹ ہے اور دوسرا کردار دنیا نیوز سامنے لایا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس پراسراریت کی حقیقت کب سامنے آتی ہے ۔ یا یہ بھی فائلوں میں کہیں دب کر رہ جاتی ہے ۔ پراسرا کردار