کراچی : علما , صحافی , پولیس افسران , سیاسی کارکنوں اور تاجروں کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار

کراچی : علما , صحافی , پولیس افسران , سیاسی کارکنوں اور تاجروں کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار

مفتی شامزئی وصالح، دین پوری، دیگر آئمہ کرام، انسپکٹر ناصر الحسن سمیت کئی افراد کا ٹارگٹ کلر وصی حیدر ایف بی ایریا سے پکڑا گیا صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث کالعدم سپاہ محمد اور سیاسی جماعت کے 4کارندے ، نیو کراچی سے سنی تحریک کا سیکٹر انچارج گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مفتی نظام الدین شامزئی و دیگر آئمہ کرام اور پولیس انسپکٹر ناصر الحسن سمیت دیگر کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد کو پولیس نے فیڈرل بی ایریا سے گرفتار کرلیا ہے ، ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے ۔ دوسری جانب حساس ادارے ، رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان اور ٹارگٹ کلرز سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مقابلے کے دوران اے ایس آئی اور دو بچے زخمی ہو گئے ۔ کلفٹن میں پولیس نے شیشہ اور حقہ والے ریسٹورنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 14افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ چار خواتین کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کر کے علمائے کرام اور انسپکٹر ناصر الحسن سمیت دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اہم ملزم وصی حیدر ولد حسن رضا کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق وصی حیدر ولد حسن رضا جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے مفتی نظام الدین شامزئی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مفتی عبدالمجید دین پوری سمیت دیگر آئمہ کرام، سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہے اور اس نے قتل کی متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے ۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر 2002ء میں حیدر آباد سے کراچی منتقل ہوا اور 2004ء میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد پہلی کارروائی 2005ء میں گرومندر کے قریب کی، جہاں مفتی نظام الدین شامزئی کو شہید کیا، 2007ء میں لائنز ایریا میں صفدر نامی کباڑی کو بھتہ نہ دینے اور 2009ء میں ایس ایچ او بریگیڈ انسپکٹر ناصر الحسن کو لائنز ایریا میں ہی ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔ 2010ء میں لائنز ایریا حسینی امام بارگاہ کے قریب ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن عبدالشکور کو موت کے گھاٹ اتارا، 2011ء میں ہائیکورٹ کے ملازم بشیر احمد کو لکی اسٹار کے قریب قتل کیا، 2013ء میں ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شارع فیصل پر نرسری کے قریب ہائی روف پر فائرنگ کر کے آئمہ کرام عبدالمجید دین پوری، حافظ محمد احسان اور مفتی صالح محمد قاضی کو شہید کیا۔ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2011ئاور 2012ء کے دوران بھی فائرنگ کر کے مذہبی اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت 6 دیگر افراد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی بھی کیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلر سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔ ادھر حساس اداروں، ضلع سینٹرل پولیس اور کاؤنٹر ٹیرر ازم پولیس نے صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل صدر اقبال پلازہ سے 6 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، ان کی نشاندہی پر ان چاروں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد کا تعلق کالعدم سپاہ محمد اور سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے ۔ پولیس مذکورہ گرفتاری سے لا عملی ظا ہر کر رہی ہے ، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس جلد ان کی گرفتاری پریس کانفرنس میں ظاہر کرے گی۔ رینجرز انٹیلی جنس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ملیر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 95 اور 96 سے تعلق رکھنے والے 10 کارکنان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ حراست میں لیے جانے والوں میں طاہر حسین عرف بلی، ذیشان مغل، انصار زیدی، محمود، فیضان ،عارف منصوری ،شکیل، اسد، زکریا اور نوید شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کے قبضے سے بھارتی ساختہ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والوں میں سے چند افراد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں، جبکہ چند افراد سہولت کار بتائے جاتے ہیں۔ بلال کالونی پولیس نے نیو کراچی سیکٹر فائیو آئی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سیکٹر انچارج شہاب انجم ولد وہاب انجم کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیا۔ ایس ایچ او اسلم کھکرانی کے مطابق ملزم پاکستان سنی تحریک کا سیکٹر انچارج ہے ، اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اے ایس آئی سمیت متعدد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے ، جس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاپوش میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے ہارون نامی شخص کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پولیس لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے ۔ ملیر انویسٹی گیشن کے انسپکٹر علی حسن شیخ نے پولیس پارٹی کے ہمراہ لانڈھی کے ایک مقام پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر فرحان عرف عیجو کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں