ڈیم نہ ہونے سے ہر سال30ارب ڈالرکا پانی سمندر میں ضاہع
سیلابی سیزن کے دوران دریاؤں میں اوسطاً 14 کروڑ ایکڑ فٹ پانی آئے گا،صرف36فیصد استعمال میں لا یا جاسکتا ہے پاکستان 22 سے 25 دن ،بھارت 130اور امریکہ 900 روزکیلئے پانی ذخیرہ کر سکتا ہے ، 39 سال سے نیا ڈیم نہیں بنا
لاہور(رپورٹ:صبغت اﷲ چودھری)ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر نہ ہونے سے ہر سال تقریباً 30 ارب ڈالر مالیت کا140کروڑ فٹ سے زائد میٹھا پانی سمندر میں گر کر ضائع ہو جاتاہے ، مون سون ہواؤں کا بڑا سلسلہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگا ل سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے جس میں کل(جمعرات) سے شدت آ جائے گی۔ماہرین کے مطابق مون سون کے سیلابی سیزن کے دوران دریاؤں میں اوسطاً 14 کروڑ ایکڑ فٹ سے زائد پانی آئیگا،تاہم ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی محدود صلاحیت اور ناقص حکمت عملی کے باعث صرف36فیصد پانی استعمال میں لا یا جا سکتا ہے جبکہ اربوں ڈالر مالیت کا 64فیصد پانی ضائع ہو جائیگا۔ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت صرف 11فیصدتک ہے ، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران سلٹ جمع ہو نے سے منگلا ، تربیلا اور چشمہ میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں کمی ہو چکی ہے جس سے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجا ئش بھی کم رہ گئی ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں پانی ذخیرہ کرنے کی اوسط صلاحیت 40فیصدتک ہے ۔ علاوہ ازیں دریائی پانی کی عدم دستیابی کی صورت میں پاکستان صرف 22 سے 25 دن تک کے ذخیرے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جبکہ بھارت 130 اور امریکہ 900 روزکیلئے پانی ذخیرہ کر سکتا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اریگیشن سسٹم کی فعالیت صرف 36فیصد ہے ، دریاؤں میں آنیوالا 62فیصد پانی ناقص اریگیشن سسٹم کے باعث ضائع ہو جاتا ہے ۔پاکستان میں 7کروڑ 27لاکھ ایکڑ رقبہ قابل کاشت ہے ، 5کروڑ24لاکھ ایکڑ رقبہ آبپاشی اور بارانی ذرائع سے کاشت کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب سارا سال پانی کی قلت کی وجہ سے 2کروڑ 3لاکھ ایکڑ اراضی پانی کی کمی سے کاشت نہیں کی جا تی جس میں سے پنجاب کی 39لاکھ ایکڑ، سندھ 35لاکھ ایکڑ، بلوچستان 98لاکھ ایکڑ اور خیبر پختونخوا کا 31لاکھ ایکڑ رقبہ شامل ہے ۔پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد میں اضافہ کیلئے چین، ترکی ، ایران ، جاپان اور بھارت میں درجنوں نئے ڈیم تعمیرکئے جا رہے ہیں لیکن پاکستان میں گزشتہ 39سال کے دوران کوئی نیا ڈیم تعمیر نہیں کیا گیا ۔فاضل چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے آبی ذخائر کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے ۔ پانی ،ضائع