باہمی اشتراک سے معیشت اور دفاع مضبوط بنا سکتے ہیں:نیول چیف

 باہمی اشتراک سے معیشت اور دفاع  مضبوط بنا سکتے ہیں:نیول چیف

چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ عالمگیریت اور تکنیکی جدت کے دور میں ہمیں باہمی اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے

کراچی (سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ عالمگیریت اور تکنیکی جدت کے دور میں ہمیں باہمی اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے ، جو ہماری قومی معیشت اور دفاعی طاقت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پا ک بحریہ کے آپریشنل کمانڈز سیمینار 2019 ء اور تیسرے پاکستان نیوی صنعتی سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آپریشنل کمانڈز کے سیمینار میں سائبر اور خلائی جنگ کے حوالے سے علاقائی سلامتی کی صورت حال کاتجزیہ کیا گیا۔نیول چیف نے جدید جنگوں کے تمام پہلوبالخصوص سائبر اور خلائی جنگ کو سمجھنے پر زور دیا۔صنعتی سیمینار سے خطاب میں ایڈمرل ظفر عباسی نے نئے قائم کردہ نیوی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (این آر ڈی آئی) کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقامی صنعت کاروں اور دانشوروں کے ساتھ این آر ڈی آئی کے اشتراک کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگی بحری جہاز کی مقامی طور پر تعمیر خود انحصاری کے خواب کی تکمیل ہے ۔ مختلف تنظیموں کے مقررین نے بھی سیمینار میں خود مختاری اور خود انحصاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی، سیمینار زمیں پاک بحریہ کے افسران، معززین اور مقامی صنعت کاروں نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں