رکاوٹوں کا ملکر مقابلہ کریں گے ,بزدار اور جام کمال میں اتفاق

رکاوٹوں کا ملکر مقابلہ کریں گے ,بزدار اور جام کمال میں اتفاق

سازشیں کرنے والے پہلے بھی نا مرادرہے اورآئندہ بھی کامیابی نہیں ملے گی،دونوں وزرائے اعلیٰ کی گفتگو عثمان بزدار کا ٹھوکر نیاز بیگ میں پناہ گاہوں کا دورہ ، زمین پر بیٹھ گئے اور کھانا کھایا،عوام کے مسائل بھی سنے

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے آج بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔90شاہراہ قائد اعظم پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پنجاب اور بلوچستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے وفد کے ساتھ بلوچی زبان میں بھی گفتگو کی۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے نئے سال میں نئے جذبے اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے اس بات پر اتفاق کیاکہ عوامی خدمت کی راہ میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کا ملکر مقابلہ کریں گے ۔ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام و نا مرادرہے اورآئندہ بھی ایسے عناصر کو کامیابی نہیں ملے گی۔ عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تنقید کرنے والے عناصر پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے خائف ہیں ۔ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دونوں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے ۔ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں شانہ بشانہ چلیں گے ۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اسی طرح عزیز ہے جس طرح پنجاب کے عوام کی ۔ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے ۔ بلوچستان کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف فراہم کئے گئے ہیں۔بلوچستان کے عوام کیلئے پنجاب حکومت کوئٹہ میں 2ارب روپے کی لاگت سے دل کاہسپتال بنائے گی اور یہ ہسپتال پنجاب حکومت کا بلوچستان کے عوام کیلئے خیر سگالی کا تحفہ ہے ۔پنجاب اوربلوچستان کے درمیان مواصلاتی رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا-بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہو گی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔ میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی تزئین و آرائش کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔ ہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔ بلوچستان کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے ۔ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ عام آدمی کو پاکستان میں وہی سہولتیں دیں گے جو امیر کو ملتی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ راجن پور او رڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز بنانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیاہے اوران ڈیمز کی تعمیر سے ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ کیا جا سکے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ مودی سرکار کے غیرقانونی، غیر آئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں ۔ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کر سکتی۔ فاشسٹ مودی نے متنازعہ شہریت کے قانون کے ذریعے اپنا گڑھا خود کھودا ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ معصوم کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں۔ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اوربلوچستان کے لوگ محبت کی کڑی سے جڑے ہیں۔پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے ۔ صوبوں میں ہم آہنگی اوریکجہتی کو فروغ دینے کیلئے مثبت کردارجاری رکھیں گے ۔ سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں ۔ محکموں اور اداروں میں جدید دورکے تقاضوں کے مطابق اصلاحات کی جا رہی ہیں اورہمارے ان اقدامات کے دور رس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب بدل رہا ہے اور تبدیلی کے سفر میں ایک مثال بنے گا۔ سرکاری خزانے کو ذاتی استعمال کیلئے خرچ کرنے کے سابق کلچر کو ختم کیا ۔ ماضی کے حکمرانوں نے قومی وسائل کو اپنی ذاتی نمود و نمائش پر خرچ کیا جبکہ ہماری حکومت نے سرکاری دفاتر میں کفایت شعاری اور بچت کے کلچر کو فروغ دیاہے اوروزیر اعلٰی آفس کے اخراجات میں 60 فیصد کمی لائی گئی ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کی داغ بیل ڈالی ہے ۔ سابق ادوار میں کرپشن کے میگاسکینڈل منظر عام پر آتے رہے ۔ ہماری حکومت کا کریڈٹ ہے کہ ایک بھی کرپشن کا سکینڈل نہیں ہے او رانشاء اللہ نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے ۔ عثمان بزدارنے گزشتہ رات ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ کیا۔وزیر اعلی ٰنے پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ پناہ گاہ میں قیام کرنے والے لوگوں میں گھل مل گئے ۔ وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام کے لئے آئے افراد سے ان کے پاس جاکر فرداً فرداً ہاتھ ملایا ، وہاں قیام پذیر لوگوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے ۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کررات کا کھانا بھی کھایا اور بریانی اور زردے کے معیار کی تعریف کی ۔ وزیراعلیٰ نے قیام کرنے والے لوگوں سے ان کے مسائل بھی پوچھے ۔ پناہ گاہ میں مقیم لوگوں نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں سے مطمئن ہیں ۔ اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے شہری نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پناہ گاہ میں بہت اچھا انتظام ہے ۔ بزرگ شہری نے وزیراعلیٰ سے کہاکہ آپ سے دوسری بار ملاقات ہو رہی ہے ،آپ عام لوگوں کا درد رکھتے ہیں ۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پناہ گاہ جیسے فلاحی منصوبے تحریک انصاف کی حکومت کا منفرد اقدام ہے ۔ جن لوگوں کے پاس رات سونے کی جگہ نہیں، ان کیلئے پناہ گاہیں آغوش کا کام کرتی ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں