نیب آرڈیننس پڑھے بغیر سیاست کرنا شرمناک : فردوس عاشق

نیب آرڈیننس پڑھے بغیر سیاست کرنا شرمناک : فردوس عاشق

مشرف سے این آر او لینے والوں کے منہ سے چلتا کرنے کی باتیں زیب نہیں دیتیں عمران کا دامن صاف ، احتساب کا کوئی خوف نہیں ، معاون خصوصی کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نیب پر گرجنے برسنے والوں کا نیب آرڈیننس پڑھے بغیر سیاست کرنا شرمناک ہے ۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ کائرہ صاحب! پرویز مشرف سے این آر او لینے اور حلف اٹھانے والوں کے منہ سے چلتا کرنے کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نہیں، آپ کی جماعت مختلف فیزز میں تباہ ہو رہی ہے اور اس تباہی کا ملبہ آپکی قیادت کے سر ہے ۔ آپ کو تکلیف یہ ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے گٹھ جوڑ پر کاری ضرب کیوں لگائی؟ خود کو عقلِ کُل سمجھنے والے کرپشن کا دفاع کر رہے ہیں۔اقتدار کی دوری نے آپ کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے ۔ آپ کے جمہوری آئینی پارلیمانی روایات کی پاسداری کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ کائرہ صاحب! پرویز مشرف سے این آر او لینے اور حلف اٹھانے والوں کے منہ سے چلتا کرنے کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔حکومت نہیں آپکی جماعت مختلف فیزز میں تباہ ہو رہی ہے اوراس تباہی کا ملبہ آپکی قیادت کے سر ہے ۔ اتوار کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعظم کا دامن صاف ہے ،انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں ،آئے روز نیب کے خلاف محاذ کھولنے والے لیگی ترجمانوں کا نیب ترمیمی آرڈیننس پر سیاست کرنا افسوسناک ہے ۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دیا۔ بدترین سیاسی مخالفین بھی ان پر کرپشن کا الزام لگانے میں ناکام رہے اور ر ہینگے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیب کا کام میگا کرپشن سکینڈلز کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہے اور یہ کام نیب اور بھی قوت سے انجام دے گا۔ آرڈیننس کے تحت دیانتدار پبلک آفس ہولڈرز بلا خوف وخطر عوامی مفاد میں فیصلے کرسکیں گے اور اپنی قانونی ذمہ داریاں انجام دیں سکیں گے ۔ فردوس عا شق اعوان نے کہا کہ میرا تعارف سماجی کارکن کا ہے جس پر مجھے فخر ہے ،میری تربیت میں میرے والدین کا اہم کردار ہے ،پروفیشنل ازم کے ساتھ اچھا انسان ہونا بہت ضروری ہے ، میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کیلئے نہیں آئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں